Breaking News

حملہ ہوا تو دشمن‌ کی اہم ‌تنصیبات‌ تباہ کردیں گے، ایران نے خبردار کردیا

ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ممکنہ حملوں اور دھمکیوں کے تناظر میں سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر حملہ ہوا تو دشمن‌ کی اہم ‌تنصیبات‌ تباہ کردیں گے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے بجلی گھروں یا اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو اسی شدت سے جواب دیا جائے گا، انہوں نے خبردار کیا کہ بنیادی ڈھانچے پر حملے دراصل عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے تمام نتائج حملہ آوروں کو بھگتنا ہوں گے اور ایران کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے پاور اسٹیشنز یا انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچایا گیا تو دشمن کی توانائی تنصیبات اور تیل کے مراکز کو اس طرح تباہ کیا جائے گا کہ ان کی بحالی ممکن نہیں رہے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں طویل عرصے تک بلند سطح پر رہ سکتی ہیں۔

ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو نقشے سے مٹانے کی باتیں دشمن کی مایوسی کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیاں اور دباؤ ایرانی قوم کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ان تمام ممالک کے لیے کھلی ہے جو ایران کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں، تاہم کسی بھی حملے کا جواب فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایران کے اعلیٰ حکام کے ان بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایران نے تہران میں دشمن کا جنگی ڈرون تباہ کر دیا



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/Kq9Ir5y

No comments