Breaking News

فیفا ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز، امریکی وزیر خارجہ کا بڑا بیان سامنے آگیا

واشنگٹن(24 اپریل 2026): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ امریکا ایرانی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایسا کوئی اقدام نہیں کر رہا جس سے ایرانی کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں شرکت متاثر ہو یا انہیں ایونٹ سے روکا جائے۔

تاہم، مارکو روبیو نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران صحافیوں کی آڑ میں پاسداران انقلاب کے ارکان یا دہشت گرد عناصر کو ملک میں آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا کھیلوں کے عالمی مقابلے کی حفاظت اور سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور مشکوک افراد کی آمد روکنے کے لیے سخت نگرانی رکھی جائے گی۔

فیفا ورلڈ کپ 2026: امریکی ایلچی کی ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایلچی پیاؤلو زامپولی نے فیفا کو باضابطہ طور پر تجویز دی تھی کہ 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کیا جائے۔

برطانوی اخبار ‘فنانشل ٹائمز’ نے اس حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ زامپولی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے بھی بات کی ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/LG57bhN

No comments