4 مئی کو 12 بیلسٹک، 3 کروز میزائل، 4 ڈرون تباہ کیے، اماراتی وزارت دفاع
دبئی (05 مئی 2026): متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران پر بلیسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرون حملوں کا الزام لگایا ہے، وزارت دفاع نے کہا کہ حملے ایران کی جانب سے کیے گئے ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع نے بتایا کہ 4 مئی کو فضائی دفاعی کارروائی کے دوران 12 بیلسٹک، 3 کروز میزائل، 4 ڈرون تباہ کیے گئے، اور ایرانی حملے ناکام بنائے گئے، بیلسٹک، کروز میزائل، ڈرون حملے ایران کی جانب سے کیے گئے۔
اماراتی وزارت دفاع کی جانب سے تازہ حملوں میں 3 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، اماراتی حکام نے کہا فجیرہ میں آئل انڈسٹری زون پرایران نے ڈرون حملہ کیا، جس کے بعد آگ بھڑک اُٹھی، اور 3 بھارتی شہری زخمی ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ یو اے ای میں سنی گئی آوازیں فضائی خطرات کو کامیابی سے روکنے کا نتیجہ تھیں۔ حملوں کی وجہ سے دبئی اور شارجہ میں پروازیں عارضی طورپر روک دی گئیں۔ سی این این نے دعویٰ کیا کہ یو اے ای نے میزائل اور ڈورن حملے روکنے کے لیے اسرائیل کا دفاعی نظام استعمال کیا۔
یواےای میں الرٹ جاری، پروازیں معطل
متحدہ عرب امارات کے وزارت خارجہ نے شہری علاقوں اوراہم تنصیبات پر ایرانی میزائل اورڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے، اور حملوں کو ملکی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین پر حملہ قرار دیا، اور کہا ایرانی حملوں کا جواب دینے کا قانونی حق حاصل ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا بزدلانہ کارروائیوں میں تین بھارتی شہری زخمی ہوئے ہیں، اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی کا قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں۔ یو اے ای نے ایران کو جارحانہ کارروائیوں اور ان کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اشتعال انگیزی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں اب تک 549 بیلسٹک میزائل، 29 کروز میزائل، 2260 ڈرون ناکام بنائے جا چکے ہیں، اور ان حملوں میں اب تک مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 227 افراد زخمی ہوئے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/P5ZpbVX
No comments