امریکی فوج نے ایران پر حملے شروع کردیے
واشنگٹن (10 جون 2026) : آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے بعد خطے میں جنگ کے خدشات بڑھ گئے، امریکی فوج نے ایران پر حملے شروع کردیے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کے جواب میں ایران کیخلاف حملے شروع کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی آرمی کے اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرائے جانے کے بعد ایران کے خلاف جوابی فضائی حملے شروع کر دیے گئے ہیں، امریکی فوج ایران میں صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنارہی ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا کو “اس حملے کا لازمی طور پر جواب دینا تھا، جبکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے خطے میں مزید فوجی اقدامات کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے دو امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو ایرانی ڈرون نے نشانہ بنایا۔ ایک ذریعے کے مطابق حملے میں شاہد ڈرون استعمال کیا گیا، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا یا وہ کراس فائر کا شکار ہوا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے غیر ملکی افواج کو آبنائے ہرمز سے نکل جانے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں موجود بیرونی افواج انسانی غلطیوں، حادثات یا ممکنہ کراس فائر کے باعث مسلسل خطرات سے دوچار رہیں گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی مشرق وسطیٰ کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل سکتی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتحال عالمی تیل رسد اور بین الاقوامی تجارت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/gWVzE9q
No comments