Breaking News

سعودی عرب : نایاب پرندے کی نیلامی نے تہلکہ مچا دیا

ریاض : سال 2026 کا مہنگا ترین باز سامنے آگیا جس کی بولی 2 لاکھ سے شروع ہوکر 13 لاکھ ریال تک جا  پہنچی۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں جاری عالمی فالکن بریڈرز نیلامی میں کینیڈا میں پالا گیا ایک نایاب باز 13 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 3 لاکھ 46 ہزار ڈالر) میں فروخت ہوگیا، جو رواں سال کی نیلامی میں سب سے مہنگا فروخت ہونے والا باز بن گیا ہے۔

ملہم میں منعقدہ بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی کے 7ویں روز اس نایاب پرندے کی بولی 2 لاکھ ریال سے شروع ہوئی، تاہم خریداروں کے درمیان سخت مقابلے کے باعث قیمت بڑھتے بڑھتے 13 لاکھ ریال تک جا پہنچی۔

کینیڈا کے ایک فارم میں پرورش پانے والے دو باز مجموعی طور پر 14 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں نیلام ہوئے یعنی اسی کینیڈین فارم کا ایک اور خالص جیر فالکن چوزہ بھی اسی شام 1 لاکھ 50 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔

اس خوبصورت باز کو خریدنے والی سعودی کمپنی نووا فالکن کمپنی کے نمائندے شدید الراشدی نے نیلامی کے منتظمین کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں کہا کہ یہ پرندہ نایاب ہے اور نایاب پرندوں کی کوئی مقررہ قیمت نہیں ہوتی۔

گزشتہ برس اس نیلامی میں سب سے مہنگا باز 12 لاکھ ریال میں فروخت ہوا تھا، تازہ ترین سودا خلیجی خطے میں اعلیٰ نسل کے نایاب بازوں کی غیر معمولی قیمتوں کا ایک اور ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔

بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے بریڈرز، خریدار اور فالکنری کے شوقین افراد شرکت کررہے ہیں۔ ملہم میں جاری یہ نیلامی 25 اگست تک جاری رہے گی۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/dcB1Mlw

No comments