Breaking News

ٹرمپ کی پیوٹن سے گفتگو، روس امریکا کو ڈیزل فراہم کرے گا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیوٹن سے اہم گفتگو ہوئی ہے جس میں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو ڈیزل فراہم کرے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روس فوری طور پر امریکی اور عالمی منڈی کو 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا، روس نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرے گا جس کے بعد روس فوری طور پر 10 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول اور روسی توانائی سے ڈیزل کی قیمتیں تیزی سے کم ہوں گی، امریکیوں اور دنیا بھر میں ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی آئے گی، امریکی کسانوں، مویشی پالنے والوں، ٹرک ڈرائیوروں کیلئے قیمتوں میں کمی  ترجیح ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس سے ڈیزل فراہمی کا اعلان بہت اہم ہے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔

آبنائے ہرمز سے خام تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح کے تقریباً تین چوتھائی تک بحال ہو گئی ہے، تاہم ڈیزل جیسی ریفائن شدہ مصنوعات کی قلت بدستور برقرار ہے۔

اختتام تک آبنائے ہرمز سے خام تیل کی یومیه ترسیل ایک کروڑ تیس لاکھ بیرل تک پہنچ گئی ہے، جو کہ جنگ سے پہلے کی سطح کا 75 فیصد بنتی ہے۔

اس کے برعکس، پٹرول اور ڈیزل کی ترسیل یومیہ صرف 13 لاکھ بیرل ریکارڈ کی گئی، جو اس راستے سے ہونے والی کل تیل کی ترسیل کا محض 11 فیصد ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ تناسب 20 فیصد سے زائد تھا۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، عراق اور دیگر خلیجی ممالک میں ریفائنریز میزائل حملوں اور جنگی تنازعات کے باعث اب بھی بند پڑی ہیں، جس کی وجہ سے خام تیل کی ترسیل بحال ہونے کے باوجود ڈیزل اور دیگر ریفائنڈ ایندھن کی سپلائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

دوسری جانب اس بحران کے اثرات عالمی منڈی اور صارفین پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں امریکا میں ڈیزل کی قیمت ریکارڈ 6.53 ڈالر فی گیلن جبکہ ریاست کیلیفورنیا میں ریکارڈ 8.44 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/7NcwokK

No comments