Breaking News

رہبرِ اعلیٰ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر نیا حکم جاری کرسکتے ہیں: حسن قشقاوی

تہران: ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد جوہری ہتھیار بنانے اور عالمی جوہری معاہدے سے نکلنے کے مطالبات میں اضافہ ہوگیا ہے۔اس حوالے سے مشیرِ ایران قومی سلامتی حسن قشقاوی کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران میں سخت گیر حلقے مؤقف اختیار کررہے ہیں کہ سفارتی مذاکرات ملک کو بار بار ہونے والے حملوں سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہے ہیں اس لیے جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان حسن قشقاوی نے کہا ہے کہ ملک کے نئے رہبرِاعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر نیا مذہبی حکم جاری کرسکتے ہیں اور انہیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

رپورٹ میں ایک باخبر شخص کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی حمایت پہلے نہ ہونے کے برابر تھی لیکن اب یہ بڑھ کر 50 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ سابق رہبرِاعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے خلاف مذہبی حکم جاری کیا تھا البتہ ان کی شہادت کے بعد ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اس معاملے پر اپنے والد کے مؤقف کی توثیق نہیں کی۔

رپورٹس کے مطابق بعض ایرانی حلقوں کی جانب سے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے دستبرداری کا مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے۔

فرانس، بیلجیئم اور اٹلی کے لیے ایرانی شہریوں کو سفری وارننگ

تاحال ایران کا سرکاری مؤقف اب تک یہی رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/u4ajxqe

No comments