امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستانی حکام کی مہمان نوازی کی معترف
اسلام آباد: امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے دورۂ پاکستان کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے پاکستانی مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ عہدہ سنبھالنےکے بعد یہ میراپاکستان کا پہلادورہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وینڈی شرمن نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنا تفصیلی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے افغانستان کے معاملے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان امریکا کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات ہیں، پاکستان سےطالبان کے معاملے پر اہم گفتگو ہوئی، طالبان نےوعدوں پرکتنا عمل کیا یہ سوال ہونا چاہیے، امریکا افغانستان میں تمام فریقین کی حکومت کا خواہش مند ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں افغانستان دہشت گردوں کیلئے محفوظ ٹھکانہ نہ ہو، افغانستان میں خواتین، بچوں، اقلیتوں کو مکمل حقوق دیے جائیں اور طالبان کو بھی جواب دہ بنایا جائے‘۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کا پاک امریکا بامقصد رابطوں کی ضرورت پر زور
’پاکستان امریکا انسانی حقوق کے معاملے پرتعاون جاری رکھیں گے، ماحولیاتی بحران، جیو اکنامک،علاقائی روابط پر بات ہوئی جبکہ کرونا وبا کے خاتمےپر بھی گفتگو ہوئی، امریکاپاکستان کو اب تک 1کروڑ 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرچکا ہے، پاکستان کومزید96لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جائیں گی‘۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کوکروناویکسین کی فراہمی غیر مشروط طورپرکی، ویکسین کی فراہمی کا مقصد پاکستانی عوام کو خطرناک وباسے بچانا ہے کیونکہ مضبوط، خوشحال اورجمہوری پاکستان خطےکیلئے اہم ہے۔
وینڈی شرمن نے پاکستانی حکام کی جانب سے کی جانے والی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس انتظامات کی تعریف بھی کی۔
یاد رہے کہ امریکا کی نائب وزیر خارجہ گزشتہ شب دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں، جہاں اُن کا استقبال وزارت خارجہ کے افسران اور امریکی سفارت خانے کے حکام نے کیا تھا۔
وینڈی شرمن سوئٹزرلینڈ،ازبکستان اور بھارت سے دورہ مکمل کر کے پاکستان پہنچی ہیں۔ انہوں نے آج ملاقاتوں کے حوالے سے مصروف ترین دن گزارا، امریکا کی نائب وزیر خارجہ کی پہلی ملاقات مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف سے ہوئی، بعد ازاں وہ شاہ محمود قریشی سے ملیں اور پھر سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیا، اس کے بعد وہ جی ایچ کیو پہنچیں جہاں چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات ہوئی۔
The post امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستانی حکام کی مہمان نوازی کی معترف appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3uSlanT
No comments