Breaking News

اسپین: آتش فشاں کا غیض و غضب ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئیں

میڈرڈ: اسپین میں دو ہفتے قبل پھٹنے والے آتش فشاں کا غیض و غضب تاحال ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپین میں دو ہفتے بعد بھی لاپاما آتش فشاں مسلسل لاوا اگل رہا ہے، خوف ناک مناظر پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی ہیں۔

آتش فشاں کے ساتھ ساتھ بجلی بھی کڑکنے لگی ہے، رات کے وقت سرخ آگ، دھویں، راکھ اور آسمان پر کڑکتی بجلی کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید کر لیے گئے۔

19 ستمبر سے آتش فشاں پھٹنے کے بعد اب تک 6 ہزار افراد دربدر ہو چکے ہیں، جب کہ لاکھوں ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے۔

آتش فشاں سے لاوے کے دریا بہہ نکلے ہیں، جس نے 800 سے زائد عمارتیں تباہ کر دی ہیں، جزیرۂ لا پاما، جس کی آبادی تقریباً 83 ہزار ہے، بحر اوقیانوس میں کنیری جزائر میں سے ایک ہے۔

لاوے نے لا پاما میں کیلے کے باغات کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، لاپاما کنیری جزائر کا دوسرا سب سے بڑا کیلے کا پروڈیوسر ہے، جہاں کی کیلے کی فصل اس جزیرے کی معیشت کا 50 فی صد ہے، علاقے میں 200 ٹن نمک بھی راکھ کی وجہ سے ضایع ہو گیا ہے۔

ہسپانوی ایئر ٹریفک آپریٹر اینا کا کہنا ہے کہ لا پاما کا ایئرپورٹ جمعرات سے راکھ کی وجہ سے بند ہے۔ جمعے کے روز راکھ کے بلند ہوتے بادل نے پڑوسی جزیرے ٹینیریف پر بھی کئی گھنٹوں تک پروازوں کو متاثر کیا تھا۔

The post اسپین: آتش فشاں کا غیض و غضب ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئیں appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/301Kbl0

No comments