Breaking News

یو اے ای نے چین کی نئی کورونا ویکسین کی منظوری دے دی

متحدہ عرب امارات نے چینی کمپنی سائنو فارم کی نئی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ سائنوفارم کی ری کمبیننٹ پروٹین بیسڈ ویکسین کی منظوری ایک تحقیق کے بعد دی گئی۔

یہ ویکسین یو اے ای میں جنوری 2022 سے بوسٹر ڈوز کے طور پر عوام کو دستیاب ہوگی تاکہ کووڈ کے پھیلاؤ کی روک تھام ہوسکے۔

اس نئی ویکسین کو سائنو فارم کے تعاون سے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے تیار کیا جائے گا۔

اس نئی ویکسین کو بوسٹر کے طور پر ان افراد کو استعمال کرایا جائے گا جن کو پہلے سائنو فارم کی ان ایکٹیو کووڈ 19 ویکسین کی 2 خوراکیں دی جاچکی ہوں گی۔

تحقیق میں ثابت ہوا کہ نئی ویکسین وائرس کے خلاف مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے اور یہ اس کی مختلف اقسام کے خلاف مؤثر ہے۔

پروٹین ویکسینز میں وائرس کے اسپائیک پروٹین کو ہدف بنایا جاتا ہے جن کو یہ وائرس انسانی خلیات میں داخلے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

اس نئی ویکسین کو سائنوفارم کی ان ایکٹیو ویکسین کی طرح عام فریج کے درجہ حرارت میں محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دنیا میں سب سے زیادہ ویکسینیشن کی شرح ہے، جہاں 100 فیصد اہل رہائشیوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ملی ہے، ملک نے 22.5 ملین سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی ہیں، جس کی تقسیم کی شرح 227.56 فی 100 افراد میں ہے۔

The post یو اے ای نے چین کی نئی کورونا ویکسین کی منظوری دے دی appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3EwSvIa

No comments