Breaking News

دو ماہ کی بچی کی لاش مائیکروویو سے برآمد

بھارت میں سفاک ماں نے مبینہ طور پر دو ماہ کی بیٹی کو قتل کرکے لاش مائیکروویو میں چھپا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایک کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ گھر کے مائیکرویو میں کپڑے سے لپٹی ہوئی بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، اہل خانہ بچی کو اسپتال لے گئے جہاں اس کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت گھر کے تمام افراد بشمول بچی کے والد شاپنگ کے لیے گئے تھے جب کہ گھر پر والدہ، دو ماہ کی بچی اور ان کا 4 سالہ بیٹا موجود تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے خاتون کو 4 سالہ بچے کو پیٹتے ہوئے سنا لیکن جب انہیں روکا گیا تو انہوں نے دروازہ لاک کرلیا۔

اہل خانہ کے ایک فرد نے بتایا کہ جب بند کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو خاتون بے ہوش تھیں جنہیں اسپتال منتقل کیاگیا جب کہ بچی کو نہ پانے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی، گھر کے مختلف حصوں کی تلاشی کے بعد بچی کی لاش مائیکرو ویو سے برآمد ہوئی۔

خاتون کے سسر کا کہنا تھا کہ بچی کو ان کی بہو نے ہی قتل کیا ہے کیوں کہ واقعے کے وقت وہ گھر میں اکیلی تھی اور بچی کی پیدائش سے خوش بھی نہیں تھی۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اہل خانہ نے بچی کے قتل کا الزام والدہ پر عائد کیا ہے جس کے بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا تاہم بچی کی موت کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا ہے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/DWGyCml

No comments