سعودی عرب: پبلک پارکنگ کے ذاتی استعمال پر بھاری جرمانہ
ریاض: سعودی عرب میں مدینہ منورہ میونسپلٹی نے تجارتی مراکز اور کاروباری اداروں کی جانب سے پبلک پارکنگ اپنے گاہکوں کے لیے مختص کیے جانے کا نوٹس لیا ہے۔
میونسپلٹی نے انتباہ کیا ہے کہ کوئی بھی ایسا کرنے کا مجاز نہیں، جو بھی ایسا کرے گا وہ خلاف قانون کارروائی کا مرتکب ہوگا اور اس پر جرمانہ کیا جائے گا۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ عوامی پارکنگ گاہکوں کے لیے مختص کرنا بلدیاتی قواعد و ضوابط کے منافی ہے، اس پر 3 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے تاہم اس سے معذوروں کے لیے مختص پارکنگ مستثنیٰ ہے۔
مدینہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ عوامی پارکنگ کا استعمال ہر شخص کا حق ہے، اسے کسی زمرے کے لیے خاص کرنا خلاف قانون ہے۔ اگر کسی کے علم میں اس کی خلاف ورزی آئے تو بلدی ایپ کے ذریعے اس کی رپورٹ کی جائے۔
یاد رہے کہ مدینہ منورہ میں بعض تجارتی مراکز اور کاروباری ادارے عوامی پارکنگ کو اپنے لیے مختص کیے ہوئے ہیں۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2khP3Kz
No comments