بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت : مقبوضہ کشمیرمیں بھی جشن کا سماں
سری نگر : بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت پر مقبوضہ کشمیر میں بھی جشن منایا، نوجوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
سیکریٹری جنرل کل جماعتی حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت پر سرینگر میں جشن منایا جارہا ہے، پاکستان کی جیت پر کشمیری نوجوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
شیخ عبدالمتین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان کی جیت پر خوشی منا رہا ہے، کشمیریوں نے ثابت کردیا کہ وہ بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔
حریت رہنما عبدالحمید لون نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کو معطل کردیا لیکن کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی جیت پر جشن کا سماں ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کو میچ میں شکست دے کر دبئی کا حساب دبئی میں ہی چُکا کر دیا۔ قومی ٹیم نے حریف کو 5 وکٹوں سے ہرایا۔ ٹیم نے 182 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔
محمد رضوان نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد نواز نے 20 گیندوں پر جارحانہ 42 رنز بنائے۔ بھارت نے پہلے کھیل کر 7 وکٹوں پر 181 رنز اسکور کیے۔ کوہلی نے 60، راہول اور روہت نے 28، 28 رنز بنائے۔ اس دوران شاداب نے 2، نواز، حارث، نسیم اور حسنین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/sC0hzwx
No comments