منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور
منی لانڈرنگ کیس میں شہباز فیملی کے تاخیری حربے برقرار ہیں احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جج قمر الزماں نے سماعت کی، تاہم ملزمان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوسکے اور دونوں کی جانب سے مستقل حاضری معافی کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی۔
وکلا کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم ملکی امور میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکیں گے جب کہ حمزہ شہباز کمر میں تکلیف کے باعث عدالت نہیں آسکتے لہذا عدالت ان کی حاضری کی معافی کی درخواستیں قبول کرے۔
عدالت نے وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کو عدالت میں پیشی کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی جب کہ حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fO0SU3D
No comments