Breaking News

قابض بھارتی فوج کے مظالم کی انتہا، کشمیری حریت رہنما الطاف شاہ تہاڑ جیل میں شہید

قابض بھارتی فوج نے مظالم کی انتہا کردی مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں شہید ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الطاف احمد شاہ کو کینسر کی تشخیص کے بعد دہلی کے ایمس اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج صبح ان کا انتقال ہوگیا۔

کشمیری حریت رہنما الطاف احمد شاہ بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں 5 سال سے قید تھے اور ان کی ناساز طبیعت پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کیا تھا الطاف شاہ کی بیٹی نے والد کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے الطاف احمد شاہ کی بیٹی روا شاہ نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ اُن کے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ "میرے والد کا ایمس میں انتقال ہو گیا، بطور قیدی۔‘‘

اس سے قبل محمد الطاف شاہ کی بیٹی روا شاہ نے اپنے والد کی ضمانت یا ان کے میڈیکل ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے کی درخواست کی تھی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے الطاف شاہ کو بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے 2017 میں سری نگر سے گرفتار کرکے نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا تھا۔ ان کے خلاف بھارت سے بغاوت کا مقدمہ ہے۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4H7aA2g

No comments