Breaking News

مہنگائی نے کس ملک کیلیے حج کوٹہ پورا کرنا مشکل بنا دیا؟

حج اسلام کا پانچواں رکن ہے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ادائیگی حج کا فریضہ ادا کرتے ہیں لیکن بڑھتی مہنگائی نے اس سال ایک ملک کے لیے کوٹہ پورا کرنا مشکل بنا دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش اپنے سالانہ حج حج کوٹے کے مطابق شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ملکی کرنسی ٹکا کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر اور بڑھتی مہنگائی نے اس کے لیے اس امر کو مشکل بنا دیا ہے اور آسمان کو چُھوتے کرایوں کی وجہ سے بہت سے حج کے خواہشمند افراد کا سفر ناممکن دکھائی دینے لگا ہے۔

رواں برس بنگلہ دیش کو حج کے لیے ایک لاکھ 27 ہزار حجاج کا کوٹہ دیا گیا تھا اور اس کوٹے پر سعودی اور بنگلہ دیش دونوں حکومتوں نے اتفاق کیا تھا۔ بنگلہ دیش میں حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل گزشتہ ماہ 8 فروری کو شروع ہوا تھا لیکن یکم مارچ تک صرف 32 ہزار افراد نے خود کو رجسٹر کرایا ہے۔

اس حوالے سے بنگلہ دیش کے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل حج کے معاملے پر ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔

ڈھاکا کے حج آفس کے ڈائریکٹر سیف الاسلام نے عرب نیوز کو بتایا کہ میں نے ایسا ہوتا پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا۔ بنگلہ دیش میں حج کے لیے رجسٹریشن 7 مارچ تک جاری رہے گی اور مجھے یقین ہے کہ 7 مارچ تک عازمین حج کی رجسٹریشن میں اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے دن رات رجسٹریشن کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور ہمارے لوگ بھی مسلسل اس پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس صورتحال میں کسی بھی قسم کی سبسڈی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی قسم کی سبسڈی دینے کا منصوبہ نہیں رکھتی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے حج ٹور آپریٹرز اس مسئلے کی وجہ مسلسل بڑھتی مہنگائی کو قرار دیا ہے۔

حج ایجنسیز ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر یعقوب شرافاتی نے کہا کہ ’یہ سب ڈالر کے مقابلے میں ٹَکے کی قدر گرنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال حج کے کرایوں میں 580 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ کرایہ گزشتہ برس 1400 ڈالر تھا جبکہ اس سال یہ لگ بھگ 2 ہزار ڈالر ہے۔

واضح رہے کہ اس سال حج 26 جون کو شروع ہو گا اور اس کا اختتام یکم جولائی کو ہو گا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/FDKopHr

No comments