Breaking News

توند کم یا نوکری ختم! بھارتی پولیس کو وارننگ مل گئی

بھارت میں موٹے پولیس افسران اور اہلکاروں کو وارننگ دی گئی ہے کہ یا تو وہ اپنا موٹاپا ختم کریں یا پھر ریٹائرمنٹ لے لیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی کی شمال مشرقی ریاست آسام کے محکمہ پولیس نے اپنے افسران اور اہلکاروں پر ملازمت پر برقرار رہنے کے لیے کڑی شرط عائد کر دی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اپنا وزن کم کریں اور اگر ایسا نہیں کرسکتے تو قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لیں۔

رپورٹ کے مطابق آسام پولیس میں اس وقت 60 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکارن زائد الوزن ہیں اور آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگست میں تمام افسران کا وزن ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ وزن کم کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ تاہم اس شرط سے ان افسران کو استثنیٰ حاصل ہوگا جو صحت کے مسائل کی وجہ سے موٹاپے کا شکار ہیں۔

انڈین پولیس افسران میں بڑھتے وزن کا مسئلہ عام بات ہے اور ریاست آسام کی پولیس فورس پہلی نہیں جو اپنی صفوں میں خوراک کے نظم و ضبط اور جسمانی صحت کی اہمیت اور اسے اپنانے پر زور دے رہی ہے۔

سال 2018 میں بھی ریاست کرناٹک کی پولیس نے اپنے اہلکاروں کو وزن کم کرنے یا پھر معطلی کا سامنا کرنے کا کہا تھا، اس کے ساتھ ہی سپورٹس کلاسز اور مناسب غذا کے چناؤ میں مدد بھی فراہم کی تھی۔

آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عوام کا اعتماد بھی دبلے پتلے پولیس افسران کو دیکھ کر بڑھتا ہے۔ عوامی اعتماد کے علاوہ جسمانی طور پر فٹ افسر کو چلنے پھرنے میں زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا اور وہ بغیر کسی مسئلے کے گلیوں میں پیدل چل سکیں گے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات پر اہلکاروں کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

ہر صبح کو ہونے والی جسمانی ٹریننگ میں شامل اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور وہ خوراک کے حوالے سے بھی احتیاط برتنا شروع ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے 300 پولیس افسران کے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کیے تھے جو شراب نوشی کے عادی یا پھر جسمانی طور فٹ نہیں تھے۔

اس سے قبل سال 2020 میں ریاست پنجاب کی عدالت نے موٹاپے کا شکار پولیس افسران کو غیر قانونی شراب بیچنے والوں اور منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارنے سے روک دیا تھا کیونکہ وہ فرنٹ لائن ڈیوٹی کے لیے تیزی سے بھاگنے اور ملزموں ومجرموں کا پیچھا کرنے میں ناکام رہتے ہیں جبکہ گزشتہ سال 2022 میں انڈین جزائر انڈمان و نکوبار کی پولیس نے وزن کم کرنے کے لیے پروگرام بھی متعارف کیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/yRpNfoT

No comments