ٹرین حادثہ: والدین کا عارضی مردہ خانہ بنائے گئے اسکول میں بچوں کو بھیجنے سے انکار، لیکن کیوں؟
اوڈیشہ: گزشتہ ہفتہ اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرپل ٹرین کے خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والے لاشوں کو اسکول میں رکھا گیا تاہم اب والدین سمیت بچوں نے اسکول جانے سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیشہ میں گزشتہ ہفتے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 288 مسافر ہلاک ہوگئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے تھے تاہم ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو قریبی ایک پرانی عمارت کی اسکول میں رکھا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن چلایا گیا تھا، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، اسپتال میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے اسکول کو عارضی ’مردہ خانہ‘ بنایا گیا تھا۔
2 جون کو ہوئے حادثے کے بعد لاشوں کو سب سے پہلے 65 سال قدیم اس اسکول کی بلڈنگ میں رکھا گیا تھا، پھر بعد میں دوسرے اسپتال منتقل کرنے کے بعد اسکول احاطہ کو صاف کر دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب اسکول میں پڑھنے والے بچوں اور ان کے والدین خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں، نہ ہی بچے اسکول پڑھنے کے لیے جانا چاہتے ہیں اور نہ ہی ان کے والدین انھیں بھیجنے کے لیے تیار ہیں، متعدد والدین نے اپنے بچوں کا اسکول سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
متعلقہ خبریں:
بھارت ٹرین حادثہ: 100 سے زائد لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی
اڑیسہ میں بدترین ٹرین حادثے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی کے مناظر نے لوگوں کے دل دہلا دیے
بھارت ٹرین حادثہ: مسافر نے آنکھوں دیکھا خوفناک حال بتادیا
طلبا کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے یہ بھولنا مشکل ہے کہ اسکول کی عمارت میں اتنی ساری لاشیں رکھی ہوئی تھی، ہائی اسکول کی پرنسپل پرمیلا نے اس سلسلے میں کہا کہ طالب علم ڈرے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پرنسپل نے کہا کہ اسکول مینجمنٹ نے اسکول احاطہ میں روحانی پروگرام منعقد کرنے اور کچھ پوجا کا بھی منصوبہ بنایا ہے تاکہ بچوں اور ان کے والدین کو ڈر پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کچھ والدین اسکول کی بلڈنگ گرا کر نئی بلڈنگ تعمیر کرنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پرانی عمارت کو گرا کر اس کی نئی سرے سے تعمیر کی جائے تاکہ بچوں کو کلاسز میں جانے کے بعد کوئی ڈر یا خوف نہ ہو۔
ضلع کلکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انہوں نے ایس ایم سی سے ڈھانچہ گرانے کے ان کے مطالبہ کے بارے میں ایک تجویز پاس کرنے اور اسے حکومت کو بھیجنے کو کہا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/7XkLC53
No comments