Breaking News

مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش، زائرین طواف کعبہ کرتے رہے، ایمان افروز ویڈیوز

مکہ مکرمہ میں گزشتہ روز طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اس دوران مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف جاری رہا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہوائیں اتنی تیز تھیں کہ جو بھی چیز اس کی زد میں آئی وہ اڑتی چلی گئی تاہم اس موقع پر مسجد الحرام میں ایمان مناظر دیکھنے میں آئے۔

مسجد الحرام کے صحن میں موجود زائرین طوفان کی پروا کیے بغیر پورے وجد کے ساتھ طواف خانہ کعبہ کرتے رہے اور کوئی چیز ان کی عبادت کے آگے دیوار نہ بن سکی۔

 

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد الحرام کے باہر طوفانی ہواؤں نے ہر ایک کو بے بس کر دیا، لوگوں سمیت بھاری بھرکم صفائی کی مشینری بھی تیز ہواؤں کی زد میں آئی اور معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے تاہم کوئی بھی طوفان زائرین عمرہ کے جذبے کے آگے بند نہ باندھ سکا اور وہ صحن حرم شریف میں طواف کعبہ کے ساتھ دیگر عبادات میں مصروف رہے۔

سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے منگل کو بارش اور گردو غبار کی پیش گوئی کی تھی۔ طوفانی بارش کے باعث مکہ اور اطراف کے علاقوں میں سڑکیں بھی زیر آب آگئیں درجنوں سائن بورڈ گر گئے تاہم حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے بعد فوری نکاسی اور زائرین ونمازیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے۔

عملہ بارش کے دوران بھی مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بناتا رہا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/J2FxboK

No comments