Breaking News

سعودی عرب: نئی فضائی کمپنی نے آزمائش کا آغاز کردیا

سعودی عرب میں نئی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آزمائشی پرواز کا آغاز کیا ہے۔

سول ایوی ایشن کا لائسنس حاصل کرنے کی شرائط میں سے ایک شرط آزمائشی پروازیں بھی ہیں، اسی سلسلے میں جمعرات 12 ستمبر کو سعودی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے اپنی پہلی آزمائشی پرواز کا آغاز کیا جو بغیر مسافروں کے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ روانہ کی گئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی کمپنی نے جاری بیان میں کہا کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تجرباتی پرواز کا آغاز کیا جارہا ہے جو کہ بغیرمسافروں کے جدہ جائے گی۔

ریاض ایئرکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز آئندہ برس 2025 سے کیا جائے گا، 2030 تک 100 سے زیادہ مقامات پر سروس فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔‘

سعودی عرب کی جانب سے ریاض ایئر کو اپنے دوسرے فلیگ شپ کیریئر کے طور پر متعارف کرایا جارہا ہے جو کہ وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق ہے جس کے تحت حکومت ملک میں سیاحت بڑھانا چاہتی ہے۔

قومی سیاحت کی حکمت عملی کے تحت مملکت کا مقصد جی ڈی پی میں سیاحت کے شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت سعودی فضائی کمپنی کے بیڑے میں بوئنگ ڈیم لائنر 787 کے طیارے شامل ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/UqXATsS

No comments