Breaking News

حماس کا اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے اہم اعلان

غزہ (12 اکتوبر 2025): فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے معاہدے کے تحت پیر کی صبح اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غزہ میں مزاحمتی تنظیم کے قبضے میں موجود 48 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پیر کی صبح سے شروع ہوگی۔

اسامہ حمدان نے اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دستخط شدہ معاہدے کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کا عمل پیر کی صبح سے طے شدہ طور پر شروع ہوگا اور اس معاملے میں کوئی نئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: حماس نے غزہ پر کنٹرول کا بیرونی ایجنڈا مسترد کر دیا

حماس عہدیدار نے مزید کہا کہ زمین پر موجود حماس کے مزاحمت کاروں نے ابھی تک اسرائیلی یرغمالیوں کی حوالگی کے لاجسٹک معاملات کے بارے میں تحریک کی قیادت کو مطلع نہیں کیا۔

غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے بعد اسرائیل امریکی ثالثی کے تحت دونوں فریقین کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کے پہلے مرحلے کے مطابق اپنی جیلوں سے تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ رہائی کیلیے فلسطینی قیدیوں کی فہرست پر ابھی تک مذاکرات جاری ہیں۔

’حماس کے قیدیوں کے دفتر نے بتایا ہے کہ اب تک یہ عمل حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ اسرائیل بعض ناموں کی رہائی سے انکار کر رہا ہے تاہم مذاکراتی وفد ان کی رہائی کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔‘



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/N2ezGkF

No comments