سعودیہ اور قطر کا پاک افغان سرحدی کشیدگی پر اہم بیان آگیا
جدہ(12 اکتوبر 2025): پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بِلا اشتعال فائرنگ اور پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی پر سعودی عرب اور قطر کا ردعمل سامنے آگیا۔
سعودی عرب اور قطر نے پاکستان اور افغانستان میں سرحدی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں پاکستان اور افغانستان کو تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا فریقین کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔
سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا راستہ اپنائیں، تحمل وحکمت عملی سے امن واستحکام کو برقرار رکھا جائے، پاکستان اور افغانستان دونوں کے استحکام کے خواہاں ہیں۔
قطری وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا سرحدی تنازع کے اثرات خطے کے امن واستحکام پر پڑ سکتے ہیں، دونوں ملک بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کریں، کشیدگی روکنے کے اقدامات کریں۔
قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتکاری اور بات چیت ہی خطہ کے امن کیلئے ضروری ہے، کشیدگی کم کرنا اور امن قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قطر برادر پاکستانی وافغان عوام کی سلامتی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور پاکستان نے اشتعال انگیزی کرنے والی دو درجن کے قریب سرحدی چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پاک فوج کی کارروائیوں میں کئی افغان فوجی اور خوارجی ہلاک ہو گئے جبکہ افغان فوجیوں کی جانب سے پاک فورسز کے سامنے سرینڈر کرنے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/kviOCWD
No comments