بھارت میں سخت ترین سیکیورٹی میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
بھارت میں سخت ترین سیکیورٹی کے درمیان بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا، نامعلوم شخص کی جانب سے تعمیر کےلیے 8 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں ہفتہ 6 دسمبر 2025 کو بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔
یہ تقریب 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کی 33 ویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی ہے، سنگ بنیاد کی تقریب نے ریاست بھر میں کشیدہ فرقہ وارانہ صورتحال پیدا کردی ہے، اس لیے نتظامیہ کی جانب سے بھاری سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔
تقریب کا آغاز تقریباً 12 بجے قرآن پاک کی تلاوت کے بعد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مسجد کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کے لیے سینکڑوں کلومیٹر دور سے بھی مسلمان آئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر پر پرچم کشائی پر گہری اظہار تشویش
تقریب کے منتظم ہمایوں کبیر نے دعویٰ کیا کہ یہ چھوٹے پیمانے پر بابری مسجد کی "بالکل نقل” ہوگی، انھوں نے کہا کہ یہ ہمارا مذہبی حق ہے اور ہم امن برقرار رکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ ہمیں روک رہی ہے، ہمیں سرکاری فنڈز کی ضرورت نہیں ہے میں اس شخص کا نام نہیں بتاؤں گا جو مسجد کی تعمیر کے لیے ہمیں 8 کروڑ روپے دینے کو راضی ہے۔
ایم ایل اے ہمایوں کبیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حکومت کی طرف سے ایک روپیہ نہیں چاہیے ورنہ مسجد کا تقدس برقرار نہیں رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں مغربی بنگال پولیس کا تعاون حاصل ہے، میری سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس کے لیے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں پوری امت مسلمہ کو تہہ دل سے سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ہمایوں کبیر نے مزید کہا کہ "2024 میں، میں نے اعلان کیا تھا کہ میں جلد ہی مرشد آباد کے بیلڈنگا میں بابری مسجد کا افتتاح کروں گا، آج 6 دسمبر کو ہم یہاں مرشد آباد میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے آئے ہیں۔
بابری مسجد کی شہادت کو 32 سال مکمل، مسلمانوں کے زخم آج بھی تازہ
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/2xtE4na
No comments