ایران میں رجیم چینج سے متعلق غلط بیانی، جے ڈی وینس نیتن یاہو پر سخت برہم
(27 مارچ 2026): امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران میں رجیم چینج سے متعلق غلط بیانی کرنے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر سخت برہم ہوگئے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کی خصوصی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اور نیتن یاہو کے درمیان رواں ہفتے کے شروع میں ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کی اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ٹیلیفونک رابطے میں جے ڈی وینس نے ایران کے خلاف جنگ کے حوالے سے حد سے زیادہ پُرامید پیشگوئیاں کرنے پر نیتن یاہو کو سخت باتیں سنا دیں۔
امریکی نائب صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو اس بات پر آڑے ہاتھوں لیا کہ انہوں نے ایران میں رجیم چینج کے امکانات کو کس قدر یقینی بنا کر پیش کیا تھا۔
ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ جنگ سے پہلے نیتن یاہو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ یقین دلایا تھا کہ یہ سب بہت آسان ہوگا اور حکومت کی تبدیلی کے امکانات حقیقت سے کہیں زیادہ ہیں، لیکن نائب صدر ان بیانات کی حقیقت سے بخوبی واقف تھے۔
عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل جے ڈی وینس کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے جو ایران کے ساتھ جنگ بندی کے مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
امریکی نائب صدر طویل عرصے سے غیر معینہ مدت تک چلنے والی غیر ملکی جنگوں کے مخالف رہے ہیں اور اس وقت امریکی مذاکرات کاروں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ ایران سے مبینہ مذاکرات میں شامل ہیں۔
عہدیدار نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ ان خبروں کے پیچھے ہے جن میں کہا گیا کہ ایران جے ڈی وینس کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے کیونکہ تہران انہیں جنگ ختم کرنے کیلیے ایک نرم اور موزوں شخصیت سمجھتا ہے۔
رپورٹ میں ایک اور عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جے ڈی وینس ہی وہ شخصیت ہیں جن کے ذریعے ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/Nkmphin
No comments