وائرل ’پنچ‘ منکی کے ساتھ امریکی شہریوں نے کیا کیا؟
جاپان میں حکام نے اچیکاوا چڑیا گھر میں اسٹنٹ کرنے والے دو امریکی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہریوں نے چھوٹے بندر کو خوفزدہ کیا جو دنیا بھر میں ’پنچ‘ کے نام سے مشہور ہوا اور لاکھوں ویوز حاصل کیے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کی عمریں 24 اور 27 سال ہیں اور انہوں نے اپنی شناخت بالترتیب کالج کے طالب علم اور گلوکار کے طور پر کروائی ہے۔
طالب علم جنگلا عبور کرکے بندر کے باڑے میں داخل ہوا جبکہ گلوکار نے اس سارے واقعے کی ویڈیو بنائی۔
سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باڑے میں گھسنے والے شخص نے بڑا سا مسکراتا ہوا اور سن گلاسز لگا رکھا تھا جس کی وجہ سے بندروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ باڑے میں ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
چڑیا گھر کے حکام کے مطابق اس شخص کا جانوروں سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا اور چڑیا گھر کے عملے نے اسے فوری طور پر باہر نکال دیا، واقعے میں نہ تو جانوروں کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی کسی انسان کو چوٹ آئی۔
پولیس نے دونوں افراد کو "کاروبار میں زبردستی رکاوٹ ڈالنے” کے شبہ میں گرفتار کیا ہے تاہم وہ اس جرم کے ارتکاب سے انکار کر رہے ہیں، پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان نے شروع میں اپنی غلط شناخت بتانے کی کوشش بھی کی تھی۔
یہ پڑھیں: ممتا کی تلاش میں ننھے بندر کی کھلونا بندر سے لپٹنے کی وائرل ویڈیو نے لوگوں کو دکھی کر دیا
واضح رہے کہ نو ماہ کا بندر ‘پنچ’ اس وقت انٹرنیٹ پر مشہور ہوا تھا جب اس کی ماں نے اسے چھوڑ دیا تھا اور وہ ایک کھلونا اورینگوٹان (بندر کی ایک نسل) سے لپٹ گیا تھا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اسے دلاسا دینے کے لیے یہ کھلونا دیا تھا۔
واقعے نے لوگوں میں بڑے پیمانے پر ہمدردی پیدا کی اور دوسرے ممالک کے لوگوں سمیت بڑی تعداد میں سیاحوں کو چڑیا گھر کی طرف راغب کیا۔
اس واقعے کے نتیجے میں چڑیا گھر کی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ ان اقدامات میں حفاظتی جال لگانا، اور اس علاقے کے آس پاس فلم بندی (ویڈیو بنانے) پر پابندی لگانا بھی شامل ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/VKDjqhu
No comments