Breaking News

امریکی تجاویز: نتیجے پر پہنچے تو پاکستان کو مؤقف بتا دیں گے، اسماعیل بقائی

تہران (07 مئی 2026): ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے پریس ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ تہران امریکی تجاویز پر غور کر رہا ہے، کسی نتیجے پر پہنچنے کے بعد پاکستان کو اپنا مؤقف بتائیں گے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ایک حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران، واشنگٹن کی جانب سے پیش کردہ 14 نکاتی امن تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ کی تمام ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے، پوری دنیا جانتی ہے یہ جنگ امریکا نے مسلط کی ہے۔ انھوں نے کہا امریکا کا منصوبہ ایران کو کمزور کر کے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا تھا لیکن ایرانی قوم کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی فوج کے اقدامات قانونی ہیں۔


ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے سمیت کئی اقدامات پر آمادہ ہے، ٹرمپ


اس سے قبل امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس نے بدھ کے روز دو امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ واشنگٹن کو یقین ہے کہ وہ ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جنگ ختم کرنے کے معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کو دھمکی دی کہ اگر اس نے جنگ ختم کرنے کے معاہدے سے اتفاق نہ کیا تو امریکا دوبارہ بمباری شروع کر دے گا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا: ’’اگر وہ معاہدہ نہیں کرتے تو بمباری دوبارہ شروع ہوگی، اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور وسیع ہوگی۔‘‘

ایکسیوس کے مطابق دونوں فریق ایک ’’ایک صفحے پر مشتمل مفاہمتی یادداشت‘‘ پر متفق ہونے کے قریب ہیں، جس کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور تفصیلی جوہری مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک طے کرنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس معاہدے کے تحت ایران جوہری افزودگی روکنے کے لیے عارضی پابندی قبول کرے گا جب کہ امریکا ایران کے منجمد اربوں ڈالر کے فنڈز جاری کرنے پر آمادہ ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق واشنگٹن اگلے 48 گھنٹوں میں چند اہم نکات پر تہران کے جواب کا منتظر ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/U1Y3KQa

No comments