بزرگ خاتون کی بھیانک موت کا ذمہ دار نوجوان انجام کو پہنچ گیا
لندن : برطانیہ میں تیز رفتار ای بائیک سوار نوجوان کی ٹکر سے سڑک پار کرنے والی بزرگ خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، عدالت نے ملزم کو کڑی سزا سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک 19 سالہ نوجوان کو تیز رفتاری سے ای بائیک چلاتے ہوئے 86 سالہ بزرگ خاتون کو ہلاک کرنے کے جرم میں 6 سال 9 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
حادثہ گزشتہ سال سنڈر لینڈ میں پیش آیا تھا، جب بلی اسٹوکو نامی نوجوان اپنی خراب بریک والی غیر قانونی ای بائیک پر سوار تھا، اس دوران اس نے زیبرا کراسنگ عبور کرتی ہوئی 86 سالہ گلوریا اسٹیفنسن کو ٹکر مار دی۔
بزرگ خاتون گلوریا اسٹیفنسن نے موقع پر ہی جان دے دی، حادثے کے بعد ملزم موقع واردات سے فرار ہوگیا اور فوری طور پر ای بائیک ایک دوست کے گھر چھپا دی اور لباس بھی تبدیل کرلیا۔
بعد ازاں ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، نیوکاسل کراؤن کورٹ میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم کی ای بائیک بریک خراب ہونے وجہ سے سڑک پر چلانے کے لیے محفوظ اور موزوں نہیں تھی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ حادثے کے وقت نوجوان کے بائیں ہاتھ میں موبائل فون تھا اور اس نے ٹکر سے قبل اپنی رفتار کم کرنے کی کوئی کوشش بھی نہیں کی۔
ملزم بلی اسٹوکو کے وکیل کے مطابق نوجوان اپنے کیے پر شرمندہ ہے اعتراف جرم کرتے ہوئے اس کا کہنا ہے کہ مجھے ہمیشہ اس واقعے پر افسوس رہے گا، میں کبھی معافی کا مستحق نہیں ہو سکتا، کاش میں سب کچھ بدل سکتا۔
عدالت نے استغاثہ اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 6 سال اور 9 ماہ قید کی سزا کا فیصلہ سنا کر جیل روانہ کردیا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/hGN6es8
No comments