Breaking News

امریکا نے ایران میں متعدد فوجی اہداف پر بمباری کر دی

واشنگٹن (27 جون 2026): امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق فضائی کارروائی کے دوران ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر کے علاوہ ساحلی ریڈار تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ حملے 25 جون کو سنگاپور کے تجارتی جہاز پر ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، سینٹ کام نے مزید کہا کہ تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، خطے میں استحکام اور محفوظ بحری نقل و حمل کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

امریکی فوج نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔


لبنان اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے فریم ورک پر دستخط


امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سنگاپور کے پرچم بردار ایک مال بردار جہاز پر جمعرات کے روز ہونے والے ڈرون حملے کے پیچھے پاسداران انقلاب کا ہاتھ تھا۔ یہ جہاز آبنائے ہرمز سے نکل رہا تھا۔ یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز مرکز کے مطابق، ڈرون حملے میں عمان کے ساحل سے چند میل دور جہاز کے پل (برج/کمانڈ ڈیک) کو نقصان پہنچا۔

بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم (آئی ایم او) نے کہا ہے کہ اس حملے کے بعد اس خطے میں جہازوں کے انخلا سے متعلق اپنی کارروائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے ’’مستقبل کے انتظامی ڈھانچے‘‘ پر مذاکرات متوقع ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/ji06ehc

No comments