Breaking News

ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر چڑھ کر جوڑے نے امن کا بینر لہرا کر منگنی کرلی

ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر جوڑے نے چڑھ کر امن کے فروغ کا بینر لہرایا اور وہیں منگنی بھی کرلی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جوڑا صبح تقریباً 11 بجکر 15 منٹ پر کسی نہ کسی طرح 20 ویسٹ 34 اسٹریٹ پر واقع عمارت کی 105ویں منزل پر موجود مینار کی سیکیورٹی کو توڑنے میں کامیاب ہوئے اور فوری بعد نڈل نما چوٹی پر چڑھ گئے۔

ماسک اور کالے کپڑے پہنے ہوئے ان منچلوں نے زمین سے تقریباً 1500 فٹ بلندی پر واقع نڈل کی چوٹی تک رسائی حاصل کی اور سیاہ و سفید بینر لہریا جس پر عبارت درج تھی کہ ’اگر محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آجائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی۔‘

دوپہر 12:35 بجے تک یہ دونوں تپتی گرمی کے باوجود ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ٹیلی ویژن کے دھاتی انٹینا سے چمٹے رہے، اس وقت تک متعدد ٹی وی نیوز ہیلی کاپٹرز اس حیرت انگیز منظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کر چکے تھے۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) کا ایوی ایشن یونٹ بھی وہاں پہنچا اور دونوں کو نیچے آنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر دونوں نے بینر کو ساتھ سمیٹتے ہوئے نیچے اترنا شروع کیا لیکن چند ہی لمحوں بعد کہانی نے ایک انتہائی دلچسپ موڑ لے لیا۔

وہ دونوں چوٹی سے نیچے ایک پلیٹ فارم پر محبت کے ایک خوبصورت لمحے کے لیے رک گئے، ٹی وی کیمروں نے دیکھا کہ ان میں سے ایک شخص نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنے ساتھی کو شادی کی پیشکش کی۔

رپورٹس کے مطابق ساتھی نے بظاہر ‘ہاں’ کہہ دی جس سے یہ ثابت ہوا کہ اس ویک اینڈ پر میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کی متوقع شادی کی افواہوں سے پہلے ہی فضا میں محبت کا رنگ گھل چکا تھا۔

ساتھی نے دوسرے کو گلے لگایا اور پھر موبائل فون سے تصویر کھینچنے کے لیے اپنی انگوٹھی دکھائی۔

تاہم آسمان کی بلندیوں پر ہونے والا یہ اسٹنٹ زیادہ دیر نہ چل سکا کیونکہ جیسے ہی یہ دونوں لو برڈ نیچے اترے تو وہاں پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا اور ایک وین میں بٹھا کر لے گئے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/ctuaVUj

No comments