Breaking News

امریکی نیوی کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ

(2 جولائی 2026): امریکی نیوی کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، لاپتا پائلٹ کی تلاش شروع کر دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے تصدیق کی کہ بحیرہ عرب میں ’ایم ایچ 60 ایس سی ہاک‘ ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا، اس کا پائلٹ لاپتا ہے، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت اب مستحکم ہے، ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے ظاہر ہو کہ یہ حادثہ کسی دشمنانہ کارروائی کی وجہ سے پیش آیا۔

امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے نے جاری بیان میں کہا کہ خطے میں موجود امریکی بحریہ کے ذرائع اس وقت لاپتا ہونے والے پائلٹ کی تلاش میں ہیں، واقعے کی وجہ معلوم کرنے کیلیے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں آئل کمپنی آرامکو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہ ہیلی کاپٹر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش‘ پر خطے میں تعینات تھا۔

ہیلی کاپٹروں کی پانی پر لینڈنگ تجربہ کار پائلٹوں کیلیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اوپر سے بھاری ہونے کی وجہ سے پانی میں ڈوبتے وقت ان طیاروں کے الٹنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق خطے میں موجود امریکی افواج بھی ہائی الرٹ پر ہیں، کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے دوران وقتاً فوقتاً تشدد کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/ybKcrWd

No comments