Breaking News

روس کا یوکرین پر بڑا ڈرون حملہ، 6 افراد ہلاک

کیف : یوکرین کے وسطی شہر کریوی ریہ میں ایک شاپنگ سینٹر پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 90 زخمی ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق حملہ جمعے کے روز دن کے وقت اس شہر میں کیا گیا، جو یوکرینی صدر وولادیمیر زیلنسکی کا آبائی شہر بھی ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 21 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

علاقائی گورنر اولیکساندر ہانژا نے بتایا کہ روسی ڈرون حملے کے بعد ایک بڑے صنعتی مرکز سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ حملے کے بعد 21 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ،

یوکرینی صدر وولادیمیر زیلنسکی نے حملے کو ’’انتہائی سنگ دلانہ اور قابلِ مذمت‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پہلے ڈرون حملے کے تقریباً نصف گھنٹے بعد دوسرا ڈرون بھی شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا، تاکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں کو بھی نقصان پہنچایا جا سکے۔

زیلنسکی نے عالمی برادری سے روس کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں پر اس نوعیت کے حملے دہشت گرد کارروائیوں سے کم نہیں۔

یوکرین میں جاری جنگ کے دوران روس نے حالیہ دنوں میں فضائی حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ ایک روز قبل دارالحکومت کیف پر روسی بیلسٹک میزائل حملے میں بھی 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب یوکرین نے بھی روس کے خلاف حملے تیز کر رکھے ہیں اور ماسکو کی جنگی صلاحیت کو متاثر کرنے کے لیے تیل کی تنصیبات اور رسد کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/8ykeJzT

No comments