Breaking News

یو اے ای، کویت، فرانس، ترکیہ کی پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت

دنیا بھر کی جانب سے پاکستان میں‌ خود کش حملوں‌ کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے، متحدہ عرب امارات، کویت، فرانس اور ترکیہ نے بھی پاکستان میں خود کش حملوں‌ کی شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں پرامن مذہبی تقریبات میں لوگوں کو نشانہ بنائے جانے پر اقوام عالم نے غم اور دکھ کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اقوام عالم نے اس مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انھیں احساس دلایا کہ وہ بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان میں خودکش حملوں کی مذمت کی گئی، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور او آئی سی نے دہشت گردی کے حملوں کو گھناؤنا اقدام قرار دیا، گوتریس نے کہا کہ حملوں کے ذمہ داران کا محاسبہ ہونا چاہیے۔

سانحہ مستونگ و ہنگو: اقوام متحدہ ،امریکا، برطانیہ اور ایران کا ردعمل

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں میلادالنبی کے جلوس میں خودکش دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت 54 افراد شہید ہو گئے تھے، جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، دھماکا الفلاح روڈ پر مسجد کے قریب جلوس کے آغاز پر ہی ہوا، ڈی ایس پی نواز گشکوری خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہوئے، 3 کانسٹیبل زخمی ہوئے۔

دھماکے میں عالم دین مفتی سعید احمد بھی جان سے گئے، ایک گھر کے 4 افراد بھی لقمہ اجل بنے، شدید زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں 8 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/yNpzH7k

No comments