Breaking News

سعودی عرب میں دکانوں کے نئے ضوابط کیا ہیں؟

ریاض : سعودی عرب میں جوس کی دکانوں کے لیے نئے ریگولیٹری معیارات جاری کیے گئے ہیں، قواعد کی خلاف ورزی پر محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ بلدیات نے جوس کی دکانوں کے لیے نئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی ہے جس کا مقصد دکانوں کے معیار میں بہتری، غذائی تحفظ اور مشروبات کی تیاری، کے عمل کو مزید منظم بنانا ہے۔

وزارت کے مطابق نئے ضوابط کے تحت جوس کی دکانوں کے قیام کے لیے نئے منصوبہ جاتی معیار متعین کیے گئے ہیں، جن کے تحت ایسی دکانیں صرف منظور شدہ تجارتی علاقوں یا موجودہ تجارتی مراکز میں ہی قائم کی جاسکیں گی۔

Saudi Arabia juice shops

نئے ضوابط کے مطابق جوس کی دکانوں میں مشروبات کی تیاری، پیشکش اور ذخیرہ کرنے کے لیے الگ الگ حصے مختص کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور مشروبات آلودگی سے محفوظ رہیں۔

وزارت نے بتایا کہ قواعد میں متعدد احتیاطی اقدامات شامل ہیں، جن کے تحت دکانوں میں مصنوعات کی واضح فہرست، اجزاء اور ممکنہ الرجی پیدا کرنے والے مواد کی نشاندہی ضروری ہوگی، جبکہ کسی بھی مشروب کو اس وقت تک فروخت نہیں کیا جاسکے گا جب تک اس کے اجزاء اور تیاری کے وقت کی درست معلومات فراہم نہ کی جائیں۔

مزید برآں دکانوں کو مناسب درجۂ حرارت پر ریفریجریشن کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا جبکہ ایسی اشیاء کی نمائش یا فروخت پر پابندی ہوگی جو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے معیار پر پوری نہ اترتی ہوں۔

وزارت نے واضح کیا کہ ہر دکان پر معلوماتی بورڈ آویزاں کرنا لازمی ہوگا، جس پر سعودی بزنس سینٹر کا یکساں کیو آر کوڈ اور قیمتوں کی فہرست درج ہو، جبکہ الیکٹرانک ادائیگی کی سہولت ہر وقت دستیاب ہونا بھی ضروری ہے۔

اسی طرح جوس کی دکانوں کو صحت آگاہی سے متعلق مواد کی نمائش، صفائی کے لیے بند ڈبوں کی فراہمی اور کچرے کے لیے علیحدہ جگہ مختص کرنا ہوگی، جو مشروبات کی تیاری والے حصے سے دور ہو تاکہ محفوظ اور صحت مند ماحول برقرار رکھا جا سکے۔

وزارت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عوامی صحت کے تحفظ اور شہری خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے تجارتی و سروس سیکٹر کی بلدیاتی ضروریات کو جدید خطوط پر اپ ڈیٹ کرتی رہے گی۔

سعودی عرب: سگریٹ کی فروخت اور پینے والوں کے لیے بڑی خبر



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/FmHpWIq

No comments