برطانیہ میں ’چندرہ‘ طوفان نے تباہی مچا دی، نظامِ زندگی مفلوج، پروازیں منسوخ
برطانیہ میں ’چندرہ‘ طوفان کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، نیو کاسل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز ہوا کے دباؤ کے باعث لینڈ نہ کرسکی۔
غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کو ہنگامی صورتحال میں ایڈنبرا ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ ڈبلن اور ہیتھرو ایئرپورٹس پر بھی مسافر طیاروں کو لینڈنگ میں شدید دشواری کا سامنا ہے، ہیتھرو ایئرپورٹ پر زیورخ سے آنے والی پرواز کو رن وے سے واپس فضا میں جانا پڑا۔
برطانیہ میں طوفان ‘چندرا’ کے باعث شدید موسمی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جو رواں سال کا تیسرا بڑا طوفان ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے شمالی آئرلینڈ، ویلز، اور جنوبی انگلینڈ کے علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
برطانیہ کے مختلف حصے شدید موسمی طوفان چندرا کی لپیٹ میں آگئے ہیں، جس کے باعث موسلا دھار بارش، سیلاب اور آمد و رفت میں شدید خلل پیدا ہو گیا ہے۔ حکام نے ڈیون کے بعض علاقوں میں سیلاب کو جان لیوا خطرہ قرار دیتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
سال کے تیسرے نامزد طوفان نے ملک بھر میں سڑکوں کی بندش، ریل، فیری اور فضائی پروازوں کی منسوخی جیسے سنگین مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ تیز ہواؤں کی رفتار بعض مقامات پر 80 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی۔
حکام نے درخت گرنے، املاک کو نقصان پہنچنے اور بجلی کی بندش کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سرد موسم کے باعث بعض علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی اداروں نے شمالی آئرلینڈ، جنوبی انگلینڈ اور ویلز میں شدید ہواؤں اور بارش کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/tFqPkNh
No comments